اردو زبان کی اہمیت و افادیت
(اردو تقریر)
نحمده ونصلي على رسوله الكريم اما بعد
سارے عالم میں پھیلی خوشبو دیکھی
ہر لہجے میں مہکتی اردو دیکھی
محترم سامعین!
میری تقریر کا عنوان ہے ’’ اردو زبان ‘‘ زبان کا کوئی دھرم یا مذہب نہیں ہوتا ؛ البتہ زبان کسی قوم کی پہچان اور تہذیب و کلچر کی بقاء کا اہم ستون ہوتا ہے ۔ دنیا میں بہت سی زبانیں رائج ہیں : جیسے عربی ، انگریزی ، چینی ، فرانسیسی ، ترکی ، ہندی اور اردو اور ہر زبان کا استعمال کرنے والا اس کے کلچر کو بھی اپنانے کی کوشش کرتا ہے ؛ چنانچہ آپ دیکھ لیجئے کہ جو شخص عربی زبان کا ماہر ہوتا ہے وہ عربی جبہ و قبہ کا شوقین ہوتا ہے اور جو انگریزی زبان سیکھتا ہے وہ انگریزی طور طریقہ کا دلدادہ ہوتا ہے ؛ اسی طرح اردو زبان بھی ایک زبان ہے جو ہمارے پیارے ملک ہندوستان میں پیدا ہوئی اور اس زبان کو بلندی تک پہنچانے میں ہمارے بزرگوں نے خوب محنتیں کیں، یہ زبان عربی ، انگریزی ، ہندی ، سنسکرت ، فارسی ، بنگالی اور ترکی جیسی مختلف زبانوں سے مل کر بنی ہے ۔ جب اس کا وجود ہوا تو اس نے بہت کم وقت میں دوسری زبانوں پر برتری حاصل کرلی اور اس طرح سے اس کا شمار سرکاری زبانوں میں ہوتا ہے اور فلم انڈسٹریز سے ریلیز ہونے والے گانوں میں ۹۰؍ فیصد اردو زبان کا استعمال ہوتا ہے ۔ اس لیے کہ اردو زبان ایک پیاری اور میٹھی زبان ہے ، رس بھری اور دل پر اثر کرنے والی زبان ہے ، یہی وجہ ہے کہ جب کوئی اردو کا ماہر اردو کی پھول جھڑیاں بکھیرتا ہے تو سننے والے سرور و مستی میں ڈوب جاتے ہیں
محترم سامعین !
جس طرح اردو زبان ایک پیاری اور دل پر اثر کرنے والی زبان ہے ؛ اسی طرح اس زبان کا کلچر بھی انوکھا ، دلربا اور پیارا ہے ۔ اس کلچر کو اپنانے والے شائستہ دل ، سادہ مزاج ، با ادب اور خوش طبیعت کے مالک ہوتے ہیں ۔ اور چوں کہ ہمارے اور علاقائی ملک میں اسلامی احکامات و قوانین کے اکثر حصے اردو زبان میں لکھے ہوئے ہیں اس لیے اس زبان کی حفاظت کرنا درحقیقت اپنے کلچر کی حفاظت کرنا ہے اور ہمارے کلچر کی حفاظت کے ساتھ مذہبی احکامات کی بھی حفاظت ہے ۔
محترم سامعین!
ہماری پیاری قومی زبان اردو اور اس کے کلچر کو مٹانے کی سرکاری طور پر ناپاک کوششیں کی جا رہی ہیں ؛ اس لئے ہم سب پر لازم اور ضروری ہے کہ اردو زبان کو سیکھیں ، اس زبان کو پڑھیں ، اس زبان میں بول چال کو عام کریں ۔ خود بھی اس کی طرف توجہ کریں اور اپنے بچوں کے لئے بھی فکر مند ہوں۔
اب میں اس شعر پر اپنی تقریر ختم کرنا چاہتا ہوں
سلیقے سے ہواؤں میں خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
وما علينا الا البلاغ المبين
محترم قارئین!
مذکورہ مضمون کے سلسے میں اپنی رائے کمینٹ میں ضرور لکھیں۔
شکریہ
0 Comments