15 اگست یومِ آزادی پر مختصر تقریر (١)
![]() |
۱۵ اگست پر تقریر |
محمد امتیاز پلاموی،مظاہری
اے خاک وطن اب تو وفاؤں کا صلا دے
میں ٹوٹتی سانسوں کی فصیلوں پہ کھڑا ہوں
نحمده و نصلي على رسوله الكريم اما بعد.
استاد محترم اور محفل میں شریک قابل قدر حاضرین!
میں آپ حضرات کا / کی شکر گزار ہوں کہ مجھ جیسے / جیسی ایک ادنیٰ سا طالب علم / سی طالبہ کو یوم آزادی پر کچھ بولنے کا موقع دیا، آج ہمیں بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ہم علمائے کرام اور پُرکھوں کی قربانی کے نتیجے میں ترنگا لہرا کر آزادی کا جشن منا رہے ہیں ۔
بزرگان محترم !
ہندوستان کی سرزمین پر مغل بادشاہوں نے نہایت انصاف کے ساتھ سیکڑوں برس حکومت کی ، لیکن ایک وقت وہ بھی آیا کہ تن کے گورے اور من کے کالےانگریزوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی قائم کرنے کے بہانے ہندوستان کی سرزمین پر قبضہ کرکے ہندوستانیوں پر ظلم و ستم اور ناانصافی کا بازار گرم کیا اور اس ملک کے باشندوں کا جینا حرام کردیا ، ایسے وقت میں انگریزوں کے خلاف سب سے پہلے فتوی دینے والے شخص شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ تھے، ان کے فتوے کے اثر سے پورے ہندوستان کے چپے چپے میں جذبہ جہاد پیدا ہوا، اس فتوے کے بعد تحریک ریشمی رومال چلایا گیا ، تحریک بالاکوٹ چلایا گیا ، ہندوستان چھوڑو تحریک چلی ، شاملی کا جہاد ہوا اور اس جہاد آزادی میں سینکڑوں علماء کو پھانسی دی گئی، ہزاروں مجاہدین آزادی نے پھانسی کے پھندے چومے، ہمارے آباؤ اجداد اور ہمارے پرکھوں نے اپنے بچوں کو یتیم کیا، عورتوں کو بیوہ کیا ، جیل کی کال کوٹھری کو آباد کیا ، انگریز فوج کی گولیوں کا سامنا کیا ، تب جاکر ہمارا یہ ملک آزاد ہوا ہے ۔
حاضرین مجلس!
ان مجاہدین آزادی کی ایک بڑی لسٹ ہے جن میں ہندو بھی ہیں اور مسلمان بھی ہیں، اس ملک کی آزادی میں سب نے مل کر قربانیاں دی ہیں ؛ چنانچہ ایک وقت وہ بھی آیا کہ ہندو اور مسلم دونوں نے مل کر ایک ہی پلیٹ میں کھانا کھایا اور ملکی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا، انگریزوں نے جب اس ہندومسلم اتحاد کو دیکھا تو اس نے محسوس کیا کیا کہ اب ہم اس ملک میں حکومت نہیں کر سکتے، ہندوستان کے تمام مذاہب کے لوگوں نے جب متحد ہو کر انگریزوں کے خلاف جہاد کیا اور قربانیاں پیش کیں تو یہ ظالم انگریز سات سمندر پار بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
آج ہمیں اپنے ملک کو بچانے کے لئے اور اس ملک کی حفاظت کے لئے اسی اتحاد و اتفاق اور پیار و محبت کی ضرورت ہے ، یہی اس ملک کی سب سے بڑی خوبصورتی اور طاقت ہے۔
مذہب نہیں سکھاتا آپس میں بیر رکھنا
ہندی ہیں ہم وطن ہیں ہندوستاں ہمارا
شکریہ
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
١٥ اگست یومِ آزادی پر مختصر تقریر
۱۵ اگست یومِ آزادی پر دوسری تقریر کے لیے مجھے دبائیں
تحریر کردہ: حضرت مولانا دلاور حسین قاسمی میلانی
استاد و صدر مدرس: دارالعلوم قاسمیہ،مدرسہ چوک بلسوکرا ، ضلع رانچی (جھارکھنڈ) انڈیا
1 Comments
Masha Allah bahut khoob hai bhai
ReplyDelete