تذکرہ خلیفۃ المسلمین حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ
( اولیتِ صدیقؓ )
صدیق کاپہلا نمبر
(۲۲ جمادی الاخری کے حوالے سے خصوصی مضمون یہ مضمون ندائے دار العلوم دیوبند میں بھی چھپ چکا ہے نشر مکرر کے طور پر پیش کیا جارہا ہے)
مولانا ساجد خان صاحب نقشبندی
عوام کا خیال ہے کہ خلیفۂ بلا فصل ،محفوظ عن الخطاء ،خسر رسول ،حضرت ابو بکر الصدیقؓ خلافت کے اعتبار سے دیگر صحابہ کے مقابلے میں پہلے نمبر پر ہیں ۔جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر کار خیر میں دیگر حضرات پر آپ کی اولیت ثابت ہے ۔چنانچہ قرآن مجید فرقان حمید میں اللہ تعالی نے آپ کی شان کے متعلق فرمایا ثانی اثنین اذ ھما فی الغار دوسرے میں سے وہ دوسرا۔ اہل علم حضرات جانتے ہیں کہ اعداد میں جو چیز محصور ہوتی ہے ماعدا سے اس کی نفی ہوتی ہے (قطبی)اب جب صدیقؓ کو خود اللہ نے نبی کے بعد دوسرا نمبر دیا تو قطعی طور پر معلوم ہواکہ انبیاء کے مقابلے میں تو آپؓ کا نمبر دوسرا ہی رہے گا مگرامتیوں کے اعتبار سے ہر کام میں آپ کا نمبر پہلا ہی رہے گا جیسے دو کا عدد پہلے کے اعتبار سے تو دوسرا ہے مگر تیسرے کے اعتبار سے پہلا ہے اب اسی کی مناسبت سے حضرت صدیق اکبرؓ کی چند اولیات ملاحظہ فرمائیں۔
انبیاء کے بعد سب سے پہلے صدیق
حضرت علیؓ آپؓ کے متعلق فرماتے ہیں کہ انبیاء کے بعد سب سے افضل سب سے پہلا نمبر حضرت ابوبکر صدیقؓ کاہے۔
خیر ھذہ الامۃ بعد نبیھا ابو بکر الصدیق (کنز العمال ،ج13،ص8،رقم36098،مسند امام احمد ،ارقام الاحادیث879 ,880 ,908 ,909 (922,926,932,934,1030,1031,1032,1040,1052,1060,
ابن تیمیہ فرماتے ہیں کہ یہ روایت حضرت علیؓ سے 80کے قریب لوگوں نے روایت کی ہے اور یہ حدیث درجہ تواتر کو پہنچی ہوئی ہے۔ (مہاج السنۃ ،ج4،ص137)
اسلام میں سب سے پہلے صدیق
آپؓ ہی کی وہ ذات مقدس ہے جومردوں میں سب سے پہلے اسلام لائے چنانچہ آپ کے سبق اسلام پر حضرت حسان بن ثابتؓ کے یہ اشعار مشہور ہیں:
اذا تذکرت شجوی من اخی ثقۃ فاذکر اخاک ابابکر بما فعلا
خیر البریۃ اتقاھاو اعدَلھا بعد النبی و اوفاھابما حَملا
والثانی التالی المحمود مشھدُہ واول الناس قَدَمَا صدق الرسلا
(المواہب اللدنیہ،ج1،ص131،معرفۃ الصحابہ لابن النعیم ،ج1،ص25)
آپؓ خود اپنے بارے میں فرماتے ہیں الَستُ اولَ من اسلم (السیرۃ النبویۃ لابن کثیر،ج2،ص111)
حضرت شاہ ولی اللہ محد ث دہلوی ؒ فرماتے ہیں :
و علمائے سیرت در اول من اسلم ابو بکر او علی او خدیجہ اختلاف دارند از ہر جانب دلائل قائم کردہ اند و اتفاق جمیع حاصل است بر آنکہ از احرار بالغین کسے بر حضرت صدیقؓ سبقت نکردہ ۔
ترجمہ:علماء سیرت اس میں اختلاف رکھتے ہیں کہ سب سے پہلے اسلام ابو بکرؓ لائے یا علیؓ یا خدیجہؓ اور ہر جانب سے دلائل قائم کئے گئے ہیں اور سب کا اتفاق اس پر ہوگیا ہے کہ احرار بالغین میں سے کسی نے حضرت صدیقؓ پر سبقت نہیں کی (ازالۃ الخلفاء ،ج1،ص30)
جمع قرآن میں سب سے پہلے صدیق
آپ ہی کی ذات مقدسہ کو یہ شرف حاصل ہے کہ آپؓ نے سب سے پہلے قرآن کریم کو جمع کیا چنانچہ جنگ یمامہ میں جب ایک جم غفیر قاریوں کا شہید ہوگیاتو حضرت عمرؓ کے مشورے پر آپؓ کے حکم سے حضرت زیدؓ نے مختلف حضرات کے پاس جو قرآن کی آیات و سور جمع تھیں حضور ﷺ کی تعلیم و حکم کے مطابق اسے دفتین میں جمع کیا بخاری میں اس کی تفصیل موجود ہے ۔حضرت علی ؓ سے منقول ہے کہ ھو اول من جمع بین اللوحین
(السیرۃ النبویۃ للذہبی ،ج3،ص223،و قال الذہبی حسن ،الریاض النضرۃ،ج۱،ص135،تاریخ الخلفاء ،ص71)
خدا حضرت ابو بکرؓ پر رحم کریں آپ وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے قرآن کو دو گتوں کے درمیان جمع کیا۔
امارت حج میں سب سے پہلے صدیق
آپ ہی کی وہ ذات مقدسہ ہے جن کو نبی اکرم ﷺ نے ۹ ھ میں سب سے پہلا ’’امیر حج‘‘ مقرر کیا اور مسلمانوں نے آپؓ کی امارت میں حج ادا کیا۔چنانچہ حضرت ابن عمرؓ سے روایت اول من جمع الناس فی الحج ابو بکر(تاریخ ابی ذرعہ الدمشقی ،ج1،ص83)
بہادروں میں سب سے پہلے صدیق
حضرت علیؓ فرماتے ہیں کہ مجھے بتاؤ کہ ہم لوگوں میں سب سے زیادہ بہادر شخص کون ہے ؟لوگوں نے کہا کہ آپ ،آپؓ نے فرمایا نہیں بلکہ ابو بکر کہ جب قریش نے محمد ﷺ کو پکڑا اور کہا کہ تو ہے جو کہتا ہے کہ کہ عبادت کے لائق ایک اللہ ہے تو خدا کی قسم ہم میں سے کوئی سوائے ابو بکر کے محمد ﷺ کو بچانے کیلئے آگے نہیں بڑھا۔
(فضائل الصحابہ لابن نعیم )
ایک ہی دن بہت سے انواع خیر کرنے والے سب سے پہلے صدیق
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ ایک دن رسول اللہ ﷺ نے پوچھا تم میں سے کون ہے جس نے آج روزہ رکھا ہے صدیق نے کہا میں،پھر پوچھا کون ہے جس نے آج جنازہ پڑھا صدیق نے کہا کہ میں ،پھر پوچھا کہ تم میں سے کون ہے جس نے آج مسکین کو کھانا کھلایا ؟صدیق نے جواب دیا کہ میں،پھر پوچھا کہ تم میں سے کس نے آج مریض کی عیادت کی ؟ صدیق نے جواب دیا کہ میں نے،حضو ر ﷺ نے اس پر جواب دیا کہ جس میں یہ سب کار خیر جمع ہوجائیں وہ آدمی جنت میں جائے گا۔
(مسلم،مسند احمد)
ہر خیر میں سب سے اول صدیق
حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ؒ فرماتے ہیں :
حضرت صدیق در ہر خیر سبقت میکرد در قصہ بشارت عبد اللہ بن مسعودؓ حضرت فاروقؓ گفتہ است ان فعلت انک لسابق بالخیر و فی قصص کثیر نحو من ذالک تآنکہ سباق الی الخیر لقب او شد درمیان صحابہؓ ۔(ازالۃ الخفا ،ج3،ص(58
ترجمہ:حضرت صدیقؓ ہر خیر میں سبقت کرتے تھے عبد اللہ بن مسعودؓ کی بشارت کے قصہ میں حضرت فاروقؓ نے فرمایا اگر تو نے یہ کیا تو بے شک تو ہی ہم سب سے زیادہ خیر پر سبقت کرنے والا ہے اور بہت سے قصوں میں اس کی مثالیں ملتی ہیں یہاں تک کہ صحابہؓ کے درمیان ان کا لقب سباق الخیر (نیک کام کی طرف بڑھنے والا )مشہور ہوگیا۔
نبی کی وفات پر صحابہ کو دلاسا دینے والے سب سے پہلے صدیق
جب نبی کریم ﷺ کی وفات ہوئی تو بے شمار لوگ تشویش اور تذبذب میں مبتلا ہوگئے کسی کو اس پر یقین نہ تھا کسی نے کہا کہ آپ ﷺ پر موت طاری نہیں ہوئی بلکہ یہ ایک قسم کی وحی ہے بعض کا گمان تھا کہ موت منافی نبوت ہے نیز منافقین نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ارتداد کے فتنے کو اٹھایا حضرت عمر فاروقؓ کی تو یہ حالت تھی کہ تلوار لے کر کھڑے ہوگئے کہ جو کہے کہ محمد ﷺ وفات پاگئے میں اس کی گردن اڑادوں گا اس پریشان کن صورت حال میں آپ وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے اس پریشان کن ماحول میں اپنے اعصاب پر قابو پاتے ہوئے قائدانہ صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا اور مسلمانوں میں اس بے یقینی کی کیفیت کو ختم کیا اول آئے محبوب ﷺ کی پیشانی پر بوسہ دیا اس کے بعد ایک فصیح و بلیغ خطبہ دیا جو احادیث و سیرت کی کتابوں میں موجود ہے آپ ہی نے اس موقع پر مسلمانوں کے شیرزاہ کو بھکرنے سے بچایا حضرت عبد اللہ بن عمرؓ فرماتے ہیں کہ خدا کی قسم ایسا معلوم ہوتا تھا کہ ہمارے چہروں پر پردے پڑے ہوئے ہیں جو الٹ دئے گئے ہیں۔
ٓاسلام کی پہلی مسجد کا اینٹ حضور کے بعد صدیق نے رکھا
جب اسلام کی پہلی مسجد مسجد قباء کی بنیاد رکھی گئی تو انبیاء میں سے پہلا اینٹ حضور خاتم النبیین ﷺ نے رکھی اور آپ کے بعد امتیوں میں سب سے پہلے جس کو اینٹ رکھنے کی سعادت ملی وہ آپ رضی اللہ تعالی عنہ کی ذات مقدسہ تھی (الروض الانف فی شرح السیرۃ النبویۃ لہشام ،ج2،ص332لعبد الرحمن السہیلی متوفی 581)
حضور ﷺ کے دفن کے تنازع کو جس نے سب سے پہلے ختم کیا وہ صدیق
جب صحابہ حضور کے جنازے سے فارغ ہوئے تو دفن کے متعلق تنازع کھڑا ہوگیا کہ کہاں دفن کرے تو اس وقت بھی سب سے پہلے صدیق آگے بڑھے اور کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا ہے کہ اللہ کا نبی وہیں دفن کیا جاتا ہے جہاں اس کی روح قبض کی جاتی ہے مَاقُبِضَ نَبِیّ’‘ اِلاَّ دُفِنَ حَیْثُ یُقْبَضُ(الروض الانف ج4ص 454)
مردوں میں سب سے پہلے اسلام ظاہر کرنے والا صدیق
حضرت محمد بن کعب قرظی سے روایت ہے کہ سب سے پہلے اسلام لانے والوں میں سے ابو بکر صدیقؓ ہیں جنہوں نے کفار کے سامنے سب سے پہلے اسلام ظاہر کیا حضرت علیؓ بھی اسلام لائے تھے مگر وہ اپنے والد کے خوف سے اپنے اسلام کو ظاہر نہ کرتے (دلائل النبوۃ للبیہقی ،ج2،ص32رقم467،سبل الھدی،ج2،ص302)
سب سے پہلے صدقات میں پہل کرنے والا صدیق
ایک دفعہ حضور ﷺ نے صحابہ کو صدقہ کرنے پر ابھارا تو سب سے پہلے حضور ﷺ کی بارگاہ میں اپنا کل مال پیش کرنے والے ابو بکر صدیقؓ تھے جن کی کل مالیت چار ہزار درہم بنتی تھی (سبل الہدی،ج5،ص435،کتاب المغازی ،ج3،ص991)
سب سے پہلے مسلمان غلام کو آزاد کرنے والے صدیق
ملا علی قاری حنفی ؒ فرماتے ہیں کہ غلاموں میں سب سے پہلے اسلام لانے والے حضرت بلال حبشیؓ تھے جن کو حضرت ابو بکر صدیقؓ نے خرید کر آزاد کیا۔
(جمع الوسائل فی شرح الشمائل،ج1،ص211)
حضور ﷺ کے ساتھ سب سے پہلے مدفون صدیق
آپؓ ہی کی وہ ذات مقدسہ ہے جس کو یہ شرف حاصل ہے کہ نبی کریم ﷺ کے بعد روضۃ من ریاض الجنۃ میں آپ مدفون ہیں۔
نبی کے بعد قبر سے اٹھائے جانے میں سب سے پہلے صدیق
نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ سب سے پہلے میری قبر کھلے گی میرے بعد ابو بکر پھر عمر کی ۔(ترمذی )
نبی کے بعد سب سے پہلے جنت میں آرام فرماصدیق
نبی اکرم ﷺ نے اپنے روضہ مبارک کو جنت کے ٹکڑوں میں سے ایک ٹکڑا کہا ہے اور نبی کریم ﷺ کے بعد سب سے پہلے آپؓ ہی اس مقدس ٹکڑے میں مدفون ہوئے گویا امتیوں میں سب سے پہلے جنت میں جانے اور تاقیامت وہاں آرام فرمانے کا شر ف آپؓ کو حاصل ہوا۔
قیامت کے روز امتیوں میں سب سے پہلے دخولِ جنت صدیق کا
نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ قیامت کے بعد میرے امتیوں میں سب سے پہلے حضرت صدیقؓ جنت میں داخل ہوں گے (الریاض النضرہ،ج1،ص141)
نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جبرائیل نے میرا ہاتھ پکڑا اور مجھے جنت کا وہ دروازہ دکھایا جس میں سے میرا ایک امتی داخل ہوگا حضرت صدیقؓ نے کہا کاش حضور میں بھی آپ کے ساتھ ہوتا تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ آپ میری امت سے پہلے شخص ہوں گے جو جنت میں داخل ہوں گے (ابوداود،الخصاص الکبری ،ج2،ص138)
مرتدین کو قتل کرنے اور ختم نبوت پر سب سے پہلا اجماع دور صدیق میں
جب حضرت صدیقؓ کے دور میں بعض لوگوں نے زکوۃ دینے سے انکار کرتے ہوئے ارتداد اختیار کیا اسی طرح مسیلمہ کذاب نے نبوت کا دعوی کرکے ایک جماعت بنالی تو یہ صدیق ہی کی ذات مقدس تھی کہ ان کے خلاف صحابہ کو بھیجا اور قیامت تک کے انسانوں پر واضح کردیا کہ اب جو بھی نبوت کا دعوی کرے گا یا دین مصطفی کو ماننے کے بعدضروریات دین کا انکار کرے گا اس کا فیصلہ خلیفہ کی تلوار کرے گی۔
سب سے پہلے حضور ﷺ کے قرضے ادا کرنے والا صدیق
حضور ﷺ کی وفات کے بعد جو سب سے پہلا کام آپ نے کیا وہ آپ ﷺ کے وعدوں کو پورا کرنا اور آپ ﷺ کے قرضوں کو ادا کرنا تھا۔
حوض کوثر پر سب سے پہلے صدیق
حضرت ابو درداؓ سے روایت ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا کہ سب سے پہلے حوض کوثر پر جو مجھ سے ملیں گے وہ ابو بکر صدیق ہوں گے۔( الریاض النضرۃ، ج1 ، ص 141 )
رب جس کیلئے سب سے پہلے تجلی خاص دکھائے گا وہ صدیق
قیامت کے روز آواز لگانے والا آواز لگائے گا السابقون الاولون کہاں ہے پوچھا جائے گا کہ کون ؟ تو جواب ملے گا کہ صدیق اکبر اس کے بعد خاص صدیق اکبرؓ کیلئے اللہ تجلی فرمائیں گے اس کے بعد عام لوگوں کیلئے (الریاض النضرۃ،ج1،ص142)
حضرت علیؓ کی زبان پر سب سے پہلے صدیق
ہم یہاں چند اقوال حضرت صدیقؓ کے متعلق خلیفہ رابع حضرت علیؓ کی زبانی اہل روافض کی کتب سے پیش کررہے ہیں شائد کہ اندھوں کی آنکھیں بینا ہوجائیں ورنہ
گرنبیند بروز شپرہ چشم
چشمہ آفتاب راہ چہ گناہ است
حضرت علیؓ سے روایت کہ اگر میرے پاس ایسا شخص لایا گیا جو مجھے حضرت ابو بکر و عمر پر فضیلت دیتا ہے تو میں اس پر کذب بیانی کی حد جاری کروں گا۔
(العیون والمحاسن للمجلسی ،ج2،ص122,123)
جب حضرت علیؓ سے حضرت صدیقؓ کی بیعت کا سبب پوچھا گیا تو آپؓ نے فرمایا اگر ہم اسے خلافت کا اہل نہ دیکھتے تو کبھی ان کے ہاتھ پر بیعت نہ کرتے ۔
(احتجاج طبرسی ،ص50)
اور آپؓ فرماتے ہیں کہ میرے دو محبوب ابو بکر و عمر،ہدایت کے امام ،شیخاالاسلام ،قریش کے مرد جری اور نبی کریم ﷺکے بعد پیروی کے لائق جس نے ان کی اتباع کی محفوظ رہا اور سیدھے رستے کو پالیا ۔(تلخیص الشافی للطوسی ،ج2،ص428ٰ)
حضرت علیؓ نے حضرت صدیقؓ کے پیچھے پنج وقتہ نمازیں پڑھیں طبرسی کہتا ہے کہ یہ ایسی ظاہر باہر بات ہے کہ اس کا انکار ممکن نہیں (تلخیص الشافی ،ص354)
مگر حضرت علیؓ کے مقابلے میں نام نہاد روافض کا یہ گستاخانہ عقیدہ ملاحظہ ہو نعمۃ اللہ جزائری کہتا ہے کہ ہم ایسے رب کو رب نہیں مانتے جس کا خلیفہ ابو بکر ہو۔معاذاللہ (انوار النعمانیہ،ج2،ص279)
0 Comments