آپ کے گھر میں رحمتوں اور برکتوں کی بارش
المستفاد: بکھرے موتی جلد چہارم (ص، ١٨ )
محمد اکرام پلاموی (نعمانی)
اگر آپ رحمتوں اور برکتوں کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو درج ذیل باتوں کا اہتمام کریں ۔
(١) گھر کے تمام مرد و خواتین اپنے جسم و لباس کی پاکی اور طہارت کا خوب اہتمام رکھیں ، اس اہتمام کے ساتھ رات کو سوتے وقت وضو کا معمول بھی بنا لیا جائے تو بلا شبہ نفع ہی ہوگا ۔
(٢) اپنے گھر کو پاک صاف رکھنے کا اہتمام کریں ، نا سمجھدار اور چھوٹے بچوں کو مقرر جگہ پر حوائج ضروریہ سے فارغ ہونے کا عادی بنایا جائے ۔ بچہ اگر غیر مقرر جگہ پر غلاظت کر دے تو اس جگہ کو فورا اچھی طرح پاک صاف کرنا چاہیے ۔ بچوں کے جسم اور لباس وغیرہ کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔
(٣) گھروں میں سجاوٹ میں جانداروں کی تصاویر سے سخت پرہیز کیا جائے ، گانے بجاتے اور موسیقی وغیرہ اور تفریح کے لیے ناجائز آلات سے اپنے گھر کو پاک رکھیں کہ ان تمام باتوں سے تمام اہل خانہ رحمت خداوندی سے محروم ہو جاتے ہیں ۔
(٤) گھر میں قرآن کریم کی تلاوت ذکر و اذکار اور دین کی باتوں کا بطور خاص اہتمام کیا جائے قرآن کریم کی تلاوت سے گھر سے بلائیں ، نحوستیں ، بیماری اور پریشانیاں ، دور بھاگتی ہیں اور گھر میں اللہ تعالی کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں اور سکون و اطمینان کی دولت نصیب ہوتی ہے ، جس گھر میں قرآن کریم کی تلاوت ہوتی ہے از روۓ حدیث ایسا گھر آسمانوں میں خصوصی توجہات کا مرکز بن جاتا ہے اور فرشتوں کو ایسے گھر آسمانوں میں اس طرح نمایاں اور چمکتے ہوئے نظر آتے ہیں جس طرح زمین میں انسانوں کو تارے جگمگاتے ہوئے نظر آتے ہیں ۔
یہ کس قدر خوش بختی اور سعادت کی بات ہے اور کون صاحب ایمان ایسی خوش بختی اور سعادت سے محروم ہونا چاہے گا ؟ لہذا ہر گھر کا سربراہ نماز فجر کے بعد خود بھی اور گھر کے دیگر افراد کو بھی تلاوت کا پابند بنانے کی کوشش کریں اور تمام اہل خانہ مل کر گھر میں پاکی اور صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ انشاء اللہ آپ کے گھر میں رحمتوں اور برکتوں کی بارش ہوگی ۔


0 Comments